ایف ای ایم اے کے فیصلے کے خلاف اپیل میں مددگار مشورے

Release Date Release Number
011
Release Date:
October 14, 2021

نیویارک ـــ آپ نے نیویارک بھر میں ایڈا طوفان آنے کے بعد آفت سے بحالی کے لیے مدد حاصل کرنے کی غرض سے ایف ای ایم اے کو درخواست دی اور جواب میں آپ کو ایک خط موصول ہوا۔ آپ نہیں جانتے کہ اس خط میں کیا لکھا ہے لیکن آپ سمجھتے ہیں کہ اس میں کوئی اچھی بات نہیں ہے۔

عموماً ایف ای ایم اے اس وقت یہ خطوط بھیجتا ہے جب آپ کی درخواست میں کوئی معلومات ناموجود ہوتی ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ نے اپنی شناخت کا کوئی ثبوت نہ دیا ہو، یا اپنے گھر کی ملکیت کا ثبوت پیش نہ کیا ہو، یا یہ ثبوت نہ دیا ہو کہ ایڈا طوفان سے آنے سے پہلے آپ سال کا بیشتر عرصہ اپنے اسی گھر میں مقیم رہے تھے۔ ذیل میں ایف ای ایم اے کے فیصلے کے خلاف اپیل کا خط لکھنے سے متعلق  مشورے دیے گئے ہیں۔

آپ 60 دن میں ایف ای ایم اے کو اپنی اپیل بھیج سکتے ہیں۔

اپیل کے عمل کا اہم ترین حصہ یہ آگاہی ہونا ہے کہ آپ کے پاس اپنا کیس پیش کرنے کے لیے کتنا وقت ہے۔ ایف ای ایم اےکی جانب سے آپ کی امداد کے حصول کی اہلیت کے تعین کے لیے بھیجے خط میں دی گئی تاریخ کے بعد 60 دن گن لیں۔ اپنے کیلنڈر پر 60ویں دن کو نشان زد کریں کیونکہ اس طرح آپ کو یاد رہے گا کہ ایف ای ایم اے کو اپیل بھیجنے کے لیے یہی آخری دن ہے۔ یاد رکھیں کہ جب ایف ای ایم اے کو آپ کی درخواست موصول ہو گا تو آپ کو ایک فون کال آئے گی یا ایک اور خط موصول ہو گا جس میں آپ سے مزید معلومات دینے کے لیے کہا جائے گا۔

اپیل لکھنے سے پہلے ایف ای ایم اے کے خط کو بالاحتیاط پڑھیں۔

آپ کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ایف ای ایم اے  نے ایسا کیوں کہا کہ آپ کی درخواست ''زیرغور نہیں لائی جا سکتی''، یا آپ کو امداد نہیں دی جا رہی، یا ایف ای ایم اے آپ کی درخواست پر فیصلہ روک رہا ہے۔ عام طور پر اس کی وجہ نہایت سادہ ہوتی ہے کہ آپ کی جانب سے ایف ای ایم اے کو درکار کوئی دستاویزات یا معلومات اس تک  نہیں پہنچی ہوتیں۔ ایف ای ایم اے کے خط کو شروع سے آخر تک پڑھیں تاکہ آپ کو یہ جاننے میں مدد مل سکے کہ ادارہ آپ سے کیا کرنے کو کہہ رہا ہے۔

اپنی اپیل کی درخواست کو موثر بنانے کے لیے اس میں ثبوت شامل کریں۔

ایف ای ایم اے اپنے فیصلے پر نظرثانی کے لیے محض آپ کی اپیل پر مبنی درخواست کو کافی نہیں سمجھتا۔ آپ اپنی اپیل میں جو دعویٰ کر رہے ہیں اس کو موثر بنانے کے لیے آپ کو اس کے حق میں ثبوت پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ ایف ای ایم اے آپ سے جو دستاویزات یا معلومات دینے کے لیے کہہ رہا ہے انہیں اپیل کا حصہ بنانا ضروری ہے۔ آپ کو اپنی درخواست میں جو چیزیں شامل کرنی چاہئیں ان کی تفصیل ذیل میں دی گئی ہے:

  • ایف ای ایم اے کے اس خط کی نقل جس میں کہا گیا ہو کہ آپ کو امداد نہیں دی جا رہی یا ادارہ اس حوالے سے کسی نتیجے پر نہیں پہنچا۔
  • انشورنس کے خطوط: انشورنس کمپنی آپ کو اپنے گھر کی مرمت کے لیے درکار وسائل کا صرف معمولی سا حصہ دے سکتی ہے جو آپ کو دوسری جگہ منتقل ہونے میں مدد دینے کے لیے کافی نہیں ہوتا اور طوفان سے متاثرہ اشیا کو تبدیل کرنے کے لیے بھی ممکنہ طور پر ناکافی ہے۔ یاد رکھیں کہ ایف ای ایم اے آپ کو کسی ایسی چیز کے لیے گرانٹ نہیں دے سکتا جس کے لیے آپ کی انشورنس کمپنی پہلے ہی آپ کو ادائیگی کر چکی ہو۔
  • قبضے کا ثبوت: یوٹیلیٹی بلِ کی ایک نقل، ڈرائیور لائسنس، لیز یا بینک سٹیٹمنٹ، مقامی سکول کی دستاویز، گاڑی کی رجسٹریشن یا ملازمتی خط ۔ یہ تمام دستاویزات اس بات کے ثبوت کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہیں کہ طوفان سے متاثرہ گھر یا کرائے کا مکان ہی آپ کی بنیادی رہائش گاہ تھی۔ ''بنیادی'' سے مراد یہ ہے کہ آپ نے سال کا بیشتر حصہ اسی گھر میں رہتے ہوئے گزارا۔
  • ملکیت کا ثبوت: رہن یا انشورنس کی دستاویزات، ٹیکس کی رسیدیں یا وثیقہ، 2016 سے اب تک گھر میں کسی بڑی مرمت یا بہتری لانے کے کام سے متعلق دستاویزات یا کوئی عدالتی دستاویز۔ اگر آپ کے کاغذات گم یا تباہ ہو گئے ہوں تو متبادل دستاویزات کے حصول سے متعلق معلومات کے لیے www.usa.gov/replace-vital-documents پر کلک کریں۔
  • رسیدیں اور تخمینے: گھر کی مرمت پر اٹھنے والے اخراجات کی رسیدیں، مرمت کے اخراجات کے تخمینے، ٹھیکے دار کے تخمینے یا اپنی انشورنس کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات سے متعلق دستاویزات بھی درخواست کا حصہ بنائیں۔

کیا آپ خود اپیل نہیں لکھ سکتے؟ لکھوانے کے لیے کسی سے مدد لیں۔

  • اگر آپ درخواست گزار ہیں لیکن خود اپیل کی درخواست نہیں لکھ سکتے تو کسی اور سے لکھوائیں۔ یہ آپ کے گھرانے کا کوئی فرد، کوئی دوست یا وکیل بھی ہو سکتا ہے۔ تاہم اس سلسلے میں چند رہنما ہدایات کی پابندی یقینی بنائیں۔ ایف ای ایم اے کو ایک دستخط شدہ بیان میں بتائیں کہ آپ نے درخواست لکھنے والے کو اپنی جانب سے اپیل جمع کرانے کا اختیار دے رکھا ہے۔ ایف ای ایم اے کی ہیلپ لائن پر موجود ماہرین آپ کو یہ مشورہ دے سکتے ہیں کہ آپ نے اپنی اپیل کی درخواست میں کیا شامل کرنا ہے اور یہ ماہرین اپیلوں سے ہٹ کر بہت سے دیگر موضوعات پر بھی آپ کو معلومات مہیا کر سکتے ہیں۔
  • 800-621-3362 پر یا وی آر ایس (ویڈیو ریلے سروس) پر ایف ای ایم اے کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔ لائنیں ہفتے کے ساتوں دن صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک کھلی ہیں۔

اپنی اپیل کی درخواست ڈاک کے ذریعے بھیجیں، فیکس کریں یا اپ لوڈ کریں۔ درخواست پر دستخط کرنا اور تاریخ لکھنا مت بھولیں۔

  • اگر آپ چاہتے ہیں کہ ایف ای ایم اے اپنے پہلے فیصلے پر نظرثانی کرے تو آپ کے پاس ایف ای ایم کی جانب سے آپ کی امداد کے لیے اہلیت کے تعین سے متعلق بھیجے گئے خط کی تاریخ کے بعد 60 دن باقی ہیں۔ اپنی اپیل پر دستخط کریں اور تاریخ لکھیں۔ ہر صفحے پر اپنا نو ہندسوں پر مشتمل  ایف ای ایم اے درخواست نمبر، آفات سے متاثرہ فرد کی حیثیت سے اپنا مخصوص نمبر (FEMA-4615-DR-NY) اور بطور ثبوت دکھائی جانے والی دستاویزات درخواست کے ساتھ شامل کرنا مت بھولیں۔
  • ڈاک: ایف ای ایم اے نیشنل پراسیسنگ سروس سنٹر، پی او باکس 10055، ہائٹس وِل، ایم ڈی 20782-8055
  • فیکس: 800-827-8112، توجہ: ایف ای ایم اے
  • ایف ای ایم اے کا آن لائن اکاؤنٹ بنانے یا دستاویزات کو آن لائن اپ لوڈ کرنے کے لیے www.DisasterAssistance.gov پر جائیں، اس کے بعد “Check Status’’ پر کلک کریں اور دی ہوئی سمتوں میں جائیں۔

آپ اپنی اپیل کی درخواست جمع کرانے کے بعد کیا توقع رکھ سکتے ہیں

آپ نے اپنی اپیل لکھ لی ہے اور ایف ای ایم اے کی جانب سے امداد کے لیے اپنی اہلیت کے تعین پر مبنی خط کی موصولی کے بعد ساٹھ یوم کے اندر ایف ای ایم اے کو اپیل بھیج دی ہے۔ اب کیا کرنا ہو گا؟ آپ کو ایف ای ایم اے کی جانب سے مزید معلومات کے تقاضے پر مبنی فون کال یا خط موصول ہو سکتا ہے۔ یا ایف ای ایم اے آپ کے بنیادی گھر کا ایک اور معائنہ کرنے کی منصوبہ بندی کر سکتا ہے۔ان میں سے جو بھی صورتحال ہو، جب ایک مرتبہ آپ نے ایف ای ایم اے کو اپیل بھیج دی ہے تو پھر آپ اس اپیل کی ایف ای ایم اے کو وصولی سے 90 یوم کے اندر حتمی فیصلے پر مبنی خط موصول ہونے کی توقع رکھ سکتے ہیں۔

یاد دہانیاں:

  • ایڈا طوفان کے نتیجے میں قانونی مسائل کا سامنا کرنے والے کم آمدنی والے افراد مشورہ لینے کے لیے 888-399-5459 پر مفت کال کر سکتے ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ قانونی خدمات فراہم کرنے والا کوئی ادارہ آپ سے رابطہ کرے تو https://nysba.org/ida پر ایک فارم پُر کریں۔ دستیاب قانونی معاونت میں درج ذیل خدمات شامل ہو سکتی ہیں:
  • سرکاری فوائد لینے میں معاونت
  • زندگی، علاج معالجے اور جائیداد کی انشورنس کے دعووں سے متعلق معاونت
  • گھر کی مرمت کے ٹھیکوں اور ٹھیکہ داروں کے حوالے سے معاونت
  • وصیتوں میں تبدیلی اورآفت میں گم یا تباہ ہونے والی اہم قانونی دستاویزات کے سلسلے میں معاونت
  • صارف کے تحفظ سے متعلق امور جیسا کہ تعمیر نو کے عمل میں قیمتوں میں ناجائز اضافے اور ٹھیکے میں جعلسازیوں سے بچنے کے لیے معاونت
  • رہن کی ضبطی سے متعلق مسائل پر مشاورت
  • مالک مکان اور کرایہ دار کے مسائل پر مشاورت
  • یہ بات یاد رکھنا اہم ہے کہ ایف ای ایم اے کی امداد انشورنس کا متبادل نہیں ہے اور یہ آفت کے نتیجے میں ہونے والے تمام نقصانات کا مالی مداوا نہیں کر سکتی۔ اس کا مقصد متاثرین کی بنیادی ضروریات پوری کرنا اور آفت سے بحالی کی کوششوں میں کسی حد تک مدد فراہم کرنا ہے۔
  • ایف ای ایم اے سے مدد کے حصول کی درخواست کیسے دی جائے: DisasterAssistance.gov پر وزٹ کریں، ایف ای ایم اے کی موبائل ایپلی کیشن استعمال کریں یا 800-621-3362 (وی آر ایس) پر ایف ای ایم اے کی ہیلپ لائن سے مدد لیں۔ یہاں  ٹیلی فون کے ذریعے ہفتے کے ساتوں دن صبح 8 سے شام 7 بجے تک رابطہ ممکن ہے اور آپریٹر آپ کی ایسے ماہر سے بات کروا سکتے ہیں جو آپ سے اسی زبان میں بات کرے گا جو آپ بولتے ہیں۔
  • اگر آپ گونگے بہروں کے لیے ویڈیو کے ذریعے بات چیت کی مخصوص سہولت یا ٹیلی فون پر سماعت میں دشواری کا سامنا کرنے والوں کے لیے مخصوص سہولت یا ایسی دیگر سہولیات استعمال کرتے ہیں تو ایف ای ایم اے کو اس سہولت کا نمبر مہیا کیجیے۔
  • آپ ایف ای ایم اے کے آفات سے بحالی کے مراکز کا دورہ کر کے وہاں موجود عملے اور دیگر وفاقی و ریاستی اداروں کے نمائندوں سے بالمشافہ ملاقات کر سکتے ہیں جو آپ کو آفات سے بحالی کے لیے معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔ اپنے قریبی علاقے میں بحالی مرکز ڈھونڈنے کےلیے DRC Locator (fema.gov) پر وزٹ کیجیے۔
  • سوموار، 6 دسمبر ایف ای ایم اے کی مدد کے حصول کی درخواست دینے کا آخری دن ہے۔
  • مزید آن لائن معلوماتی ذرائع اور ایف ای ایم اے کے ڈاؤن لوڈ ہونے کے قابل کتابچوں تک رسائی کے لیے DisasterAssistance.gov پر جائیے اور ‘Information’ پر کلک کیجیے۔
  • مقامی لوگوں کی مخصوص ضروریات کی تکمیل میں مدد دینے والے اداروں سے رجوع کرنے کے لیے https://www.211nys.org/contact-us پر اپنے قریب ترین 211کاؤنٹس پر رابطہ کیجیے یا 211 پر کال کیجیے۔ اگر آپ نیویارک سٹی کے رہائشی ہیں تو 311 پر کال کریں۔
  • نیویارک کے ایڈا طوفان سے بحالی کی کوششوں سے متعلق تازہ ترین معلومات جاننے کے لیے www.fema.gov/disaster/4615 پر وزٹ کیجیے۔ twitter/com/femaregion2  اور www.facebook.com/fema پر ہمیں فالو کیجیے۔
Tags:
Last updated